ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلور: ریاستی وزارت سے برطرف برگشتہ کانگریس لیڈر رمیش جارکی ہولی کو اے آئی سی سی جنرل سکریٹری بنانے کی پیش کش

بنگلور: ریاستی وزارت سے برطرف برگشتہ کانگریس لیڈر رمیش جارکی ہولی کو اے آئی سی سی جنرل سکریٹری بنانے کی پیش کش

Mon, 24 Dec 2018 22:26:49    S.O. News Service

بنگلورو۔24؍دسمبر(ایس او  نیوز) ریاستی وزارت سے برطرف برگشتہ کانگریس لیڈر رمیش جارکی ہولی کو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ نہ دینے منانے کی کوشش کانگریس کے تمام حلقوں سے کی جارہی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ صدر کانگریس راہل گاندھی نے ریاستی کانگریس قائدین کو ہدایت دی ہے کہ کانگریس سے کوئی بھی رکن اسمبلی مستعفی نہ ہونے پائے اس بات کو یقینی بنائی جائے۔اس کے فوراًبعد سابق وزیراعلیٰ سدرامیا، کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے، کے پی سی سی صدر دنیش گنڈو راؤ اور دیگر قائدین رمیش جارکی ہولی کو اس بات کے لئے راضی کرنے میں جٹ گئے ہیں کہ کسی بھی حال میں وہ اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی نہ ہوں ، ان کو جو سیاسی مقام اور مرتبہ درکار ہے، وہ کانگریس پارٹی میں یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

بتایاجاتاہے کہ راہل گاندھی نے سدرامیا سے کہا ہے کہ رمیش جارکی ہولی کو پیش کش کی جائے گی کہ انہیں فوری طور پر اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مقرر کیا جائے گا۔ اور قومی سیاست میں انہیں مناسب مقام دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ دوسری طرف وزارت نہ ملنے پر ناراض دیگر 9 اراکین اسمبلی نے آج رمیش جارکی ہولی سے ملاقات کی اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے متعلق انہوں نے جو اعلان کیا ہے اس پر نظر ثانی کی گزارش کی اور کہاکہ ایسا کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں نہ لیا جائے۔ بلکہ اس سلسلے میں ایک مرتبہ سدرامیا سے بھی بات چیت کی جائے۔ دوسری طرف رمیش جارکی ہولی نے کہا ہے کہ اس سلسلے میں چار دن انتظار کے بعد وہ اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی لیڈر ملیکارجن کھرگے نے رمیش جارکی ہولی کی طرف سے استعفے کی دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ رمیش جارکی ہولی ایک وفادار کانگریسی ہیں ، کسی بھی حال میں وہ پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ان کو وزارت سے ہٹادیا گیا ہے ظاہر اس پر وہ ناخوش ہیں ، لیکن پارٹی قیادت انہیں منانے میں ضرور کامیاب ہوگی۔ اس دوران رمیش جارکی ہولی کی جگہ ریاستی کابینہ میں جگہ بنانے والے ان کے بڑے بھائی ستیش جارکی ہولی کو کانگریس اعلیٰ کمان نے ذمہ داری دی ہے کہ وہ رمیش جارکی ہولی سے بات کریں اور انہیں منائیں کہ جلد بازی میں کوئی ایسا فیصلہ نہ کریں جس کی وجہ سے پارٹی یا حکومت کو کسی طرح کا نقصان پہنچے۔ اس دوران رمیش جارکی ہولی کے سیاسی حریفوں میں شمار کئے جانے والے ڈی کے شیوکمار نے پیش کش کی ہے کہ وہ رمیش سے بات چیت کریں گے۔ ڈی کے شیوکمار نے کہاکہ پارٹی کے لئے وہ کسی بھی قربانی کے لئے تیار ہیں۔ 


Share: